ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی کا دورہ لاہور:  خصوصی نمائش کا اہتمام

04:13 PM, 30 Jan, 2026

لاہور: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے عالمی دورے کے سلسلے میں لاہور پہنچ گئی ہے، جہاں پی سی بی اور آسٹریلوی ہائی کمیشن کے تعاون سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ٹرافی کے دورے کا باقاعدہ آغاز ایک تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے ہوا، جہاں ویمنز کرکٹ میچز کے ذریعے طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ آسٹریلیا پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے تاکہ لڑکیاں ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
ٹرافی کے دورہ لاہور کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ طالبات اور نوجوان کھلاڑیوں کو ٹرافی کے قریب سے مشاہدے کا موقع فراہم کیا گیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول دوسرے اور تیسرے ٹی 20 میچز کے دوران ٹرافی کی خصوصی نمائش کی جائے گی۔ کرکٹ کے متوالوں کے لیے قذافی سٹیڈیم کے باہر پی سی بی شاپ پر ٹرافی رکھی جائے گی تاکہ عام مداح بھی اس عالمی اعزاز کا نظارہ کر سکیں۔
پروگرام کے مطابق، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹرافی کا ایک خصوصی فوٹو شوٹ بھی شیڈول کیا گیا ہے، جبکہ سیریز کے آخری میچ کے دوران میڈیا گیلری اور وی آئی پی انکلوژرز میں بھی ٹرافی نمائش کے لیے رکھی جائے گی۔

مزیدخبریں