لاہور: پنجاب حکومت نے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے صوبے میں الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کی جانب بڑا قدم اٹھا لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں صوبے میں جدید ٹرانسپورٹ منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے سفری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کے لیے آسان اقساط پر ای بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ طلبہ کو الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی۔
حکومت کی جانب سے ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، جبکہ باقی رقم طلبہ آسان اقساط میں ادا کر سکیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ، نوجوانوں کو سہولت دینے اور جدید سفری نظام کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔