پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مزید مستحکم، ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا:گورنر پنجاب کا ترکیہ کے قومی دن پر خطاب

03:34 PM, 30 Oct, 2025

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں ترکیہ کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور بھارت کے خلاف معرکہ حق میں ترکی نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ناک آؤٹ کیا اور بھارت کے عزائم ناکام ہوئے۔

تقریب میں ترکیہ کے قونصل جنرل، وزیر قانون رانا اقبال، سی ای او لاہور قلندر رانا عاطف، سیاستدان، کاروباری شخصیات اور سفارتی نمائندگان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

گورنر نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی دنیا میں عزت بحال کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، احترام اور مشترکہ اسلامی روایات کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان ترکیہ سمیت اپنے تمام اسلامی ممالک سے مضبوط اور بہتر تعلقات چاہتا ہے۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، اور عالمی و علاقائی امور پر دونوں ممالک کا موقف یکساں ہے۔

مزیدخبریں