لاہور میں بادلوں کی گرج چمک اور موسلا دھار بارش؛ پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے خطرے میں پڑ گئے

06:21 PM, 31 Mar, 2026

لاہور :لاہور میں سیاہ بادلوں کے راج اور موسلا دھار بارش نے جہاں شہر کا نقشہ بدل دیا ہے، وہیں کرکٹ کے دیوانوں کے لیے تشویشناک صورتحال پیدا کر دی ہے۔ تیز بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی تو واقع ہوئی ہے لیکن قذافی اسٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں میں جل تھل ہونے سے پی ایس ایل (PSL) کے اہم میچز پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
تیز بارش کے باعث پشاور اور حیدرآباد کے درمیان ہونے والا میچ متاثر ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شیڈول ٹکراؤ کے گرد بھی غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔قذافی اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر پچ کو کورز سے ڈھانپ دیا ہے تاکہ اسے نمی سے بچایا جا سکے۔
بارش کے باعث ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری پریکٹس سیشن بھی معطل کر دیا گیا۔ حیدرآباد کنگزمین اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ٹریننگ میں مصروف تھیں کہ اچانک بارش نے انہیں ڈریسنگ روم تک محدود کر دیا۔ گراؤنڈ سے نیٹس ہٹا کر کورز ڈال دیے گئے ہیں۔
ایک طرف جہاں شہری تپتی گرمی کے بعد خوشگوار موسم کا جشن منا رہے ہیں، وہیں کرکٹ شائقین کی نظریں آسمان پر جمی ہیں اور وہ دعاگو ہیں کہ بارش تھم جائے تاکہ میدان دوبارہ آباد ہو سکے۔گراؤنڈ اسٹاف کا کہنا ہے کہ  ہماری پوری کوشش ہے کہ جیسے ہی بارش رکے، جدید ترین مشینری کے ذریعے نکاسی آب مکمل کی جائے تاکہ کھیل کا آغاز ممکن ہو سکے۔

مزیدخبریں