مریم اورنگزیب نے پٹرولیم قیمتوں پر حکومتی حکمتِ عملی واضح کر دی

01:29 PM, 3 Apr, 2026

لاہور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عام آدمی کو بڑے بوجھ سے بچانے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا سہارا لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں سینئر وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہا۔
 مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک ماہ تک عالمی مارکیٹ کے دباؤ کو عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، جو ان کی عوامی ہمدردی کی علامت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جہاں قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، وہاں مخصوص طبقات کے لیے سبسڈی کے ذریعے توازن برقرار رکھا گیا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ  موجودہ مشکل معاشی حالات میں تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ایک مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین مالیاتی انتظام کی مثال ہے۔
مریم اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عالمی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔جیسے ہی عالمی منڈی میں استحکام آئے گا اور حالات بہتر ہوں گے، ہماری حکومت اسی عزم کے ساتھ عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔
مریم اورنگزیب کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیجی جنگ کے باعث عالمی سطح پر توانائی کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کا 'ٹارگٹڈ سبسڈی' کا ماڈل غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی کے اچانک جھٹکوں سے محفوظ رکھنے کی ایک کوشش ہے، جس کی تعریف صوبائی قیادت کی جانب سے بھی کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں