لاہور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عام آدمی کو بڑے بوجھ سے بچانے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا سہارا لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں سینئر وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک ماہ تک عالمی مارکیٹ کے دباؤ کو عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، جو ان کی عوامی ہمدردی کی علامت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جہاں قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، وہاں مخصوص طبقات کے لیے سبسڈی کے ذریعے توازن برقرار رکھا گیا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ موجودہ مشکل معاشی حالات میں تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ایک مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین مالیاتی انتظام کی مثال ہے۔
مریم اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عالمی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔جیسے ہی عالمی منڈی میں استحکام آئے گا اور حالات بہتر ہوں گے، ہماری حکومت اسی عزم کے ساتھ عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔
مریم اورنگزیب کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیجی جنگ کے باعث عالمی سطح پر توانائی کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کا 'ٹارگٹڈ سبسڈی' کا ماڈل غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی کے اچانک جھٹکوں سے محفوظ رکھنے کی ایک کوشش ہے، جس کی تعریف صوبائی قیادت کی جانب سے بھی کی جا رہی ہے۔