اے آئی ٹیکنالوجی سے لاہور میں ہیلمٹ استعمال کا جائزہ، شہریوں میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بڑھ گیا

اے آئی ٹیکنالوجی سے لاہور میں ہیلمٹ استعمال کا جائزہ، شہریوں میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بڑھ گیا

لاہور: سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے کیے گئے ہیلمٹ سروے کی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق شہر کی ماڈل روڈز پر موٹرسائیکل سواروں کی بڑی تعداد نے حفاظتی ہیلمٹ کا استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق ماڈل روڈز کے 17 اہم چوکوں پر مخصوص اوقات میں اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ہیلمٹ کمپلائنس کا سروے کیا گیا۔ اس دوران 2 لاکھ 64 ہزار 112 موٹرسائیکلوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا۔

سروے کے نتائج کے مطابق 2 لاکھ 56 ہزار 473 موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، جبکہ 7 ہزار 639 افراد بغیر ہیلمٹ کے سفر کرتے پائے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 97 فیصد سے زائد موٹرسائیکل سواروں نے ماڈل روڈز پر ہیلمٹ استعمال کیا، جو شہریوں میں حفاظتی اقدامات اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین کی نگرانی مزید مؤثر بنانے اور سڑکوں پر محفوظ سفر کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

ٹیگز: