اسلام آباد/لاہور: ملک کے مایہ ناز صنعتکار اور یو بی جی (UBG) کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر نے چھوٹے دکانداروں کے لیے حکومت کی نئی فکسڈ ٹیکس سکیم کو تاجر دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ملکی معیشت کو پٹری پر لانے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے تاجر برادری کی مشاورت سے اس اسکیم کو حتمی شکل دینے پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی معاشی بصیرت کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
20 کروڑ روپے یا اس سے کم سالانہ ٹرن اوور والے دکاندار اب کسی پیچیدگی کے بغیر صرف 1 فیصد مقررہ شرح سے انکم ٹیکس ادا کریں گے۔ سالانہ ریٹرن فائل کرتے وقت کم از کم 25,000 روپے ٹیکس کی شرط لاگو ہوگی، جبکہ دکانداروں کو ودہولڈنگ ٹیکس وضع کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ایف بی آر نے تاجروں کی سہولت کے لیے اردو اور علاقائی زبانوں میں انتہائی سادہ، ایک صفحے کا فارم متعارف کرایا ہے، جسے دکاندار ایک مخصوص موبائل ایپ کے ذریعے خود بھی جمع کرا سکتے ہیں۔
آل پاکستان ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اجمل بلوچ سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایس ایم تنویر نے تاجر قیادت کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ اجمل بلوچ نے بتایا کہ اسکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کو ایف بی آر کی ایک آفیشل رجسٹریشن پلیٹ دی جائے گی، جسے دکان کے باہر آویزاں کرنا ہوگا۔ اس پلیٹ کی موجودگی دکان کو ٹیکس حکام کے اچانک اور بلاجواز معائنے یا چھاپوں سے قانونی طور پر مکمل استثنیٰ (تحفظ) فراہم کرے گی۔
ایس ایم تنویر نے گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تاجروں کے درمیان ایسے مشترکہ اور مخلصانہ اقدامات ہی پاکستان کے طویل مدتی معاشی اور قومی مفادات کے ضامن ہیں۔