ٹیکس چوری کے خلاف پی آر اے کا بڑا ایکشن: لاہور کے 18 معروف پوائنٹس پر چھاپے، بھاری جرمانے

ٹیکس چوری کے خلاف پی آر اے کا بڑا ایکشن: لاہور کے 18 معروف پوائنٹس پر چھاپے، بھاری جرمانے

لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی ( PRA) نے ٹیکسوں کی ادائیگی میں تاخیر اور سیلز ریکارڈ میں خورد برد کرنے والے بااثر کاروباری مراکز کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا کی خصوصی ہدایت پر انفورسمنٹ ٹیموں نے لاہور کے پوش علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔
پی آر اے کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 18 اہم کاروباری پوائنٹس کا ریکارڈ چیک کیا، جن میں    05 معروف ریسٹورنٹس،    06 بڑے ہوٹلز،    04 انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ چینز،    03 مشہور کیفیز شامل ہیں ۔
چیکنگ کے دوران کئی مقامات پر سیلز ریکارڈ میں خرد برد اور ٹیکس کی عدم ادائیگی کے ثبوت ملنے پر پی آر اے قوانین کے تحت بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور متعلقہ مالکان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ  "سروسز سیکٹر میں الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (EIMS) کا نفاذ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ٹیکس چوری کرنے والے اب بچ نہیں سکیں گے کیونکہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے ہر ٹرانزیکشن پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم آنے والے دنوں میں مزید تیز کی جائے گی تاکہ سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔