لاہور: ٹریفک قوانین سے آگاہی اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور شہر کے 4 مقامات پر روڈ سیفٹی کیمپس قائم کر دیے گئے۔ لبرٹی چوک میں قائم روڈ سیفٹی کیمپ کا سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے دورہ کیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ہونڈا کے تعاون سے ایک ماہ تک روڈ سیفٹی کیمپس لگائے جا رہے ہیں، جہاں شہریوں کو ٹریفک قوانین اور محفوظ سفر سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن کیمپ میں شہریوں کو مفت سائیڈ ویو مررز اور انڈیکیٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ موٹر سائیکلوں کی بیک لائٹس، بلب اور دیگر برقی کام بھی مفت کیے جا رہے ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں موٹر سائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز اور انڈیکیٹرز کا نہ ہونا بھی شامل ہے۔ موٹر سائیکل سوار دائیں یا بائیں مڑتے وقت سائیڈ ویو مررز کا لازمی استعمال کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیکیٹرز موٹر سائیکل کی آنکھیں ہیں، جو پیچھے آنے والی ٹریفک کو سمت تبدیل کرنے کا واضح اشارہ دیتے ہیں۔ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور محفوظ سفر کے لیے روڈ سیفٹی اصولوں کو اپنائیں۔