اسلام آباد:ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کے بعد بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج سے 4 مئی تک ملک کے چاروں صوبوں بشمول وفاقی دارالحکومت میں بارشوں کی نوید سنا دی ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر درج ذیل علاقوں میں موسم تبدیل ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت، خطہ پوٹھوہار، وسطی اور جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صوبے کے مختلف اضلاع میں بادل برسنے اور پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈک بڑھنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ جنوبی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مری، گلیات اور مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران بعض مقامات پر ژالہ باری اور آندھی بھی آ سکتی ہے۔ 4 مئی تک جاری رہنے والے اس سلسلے کے دوران کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں کو مری اور گلیات جیسے علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس بارش کے بعد میدانی علاقوں میں جاری ہیٹ ویو کی شدت میں واضح کمی آئے گی اور موسم خوشگوار ہو جائے گا۔