اسلام آباد: ایپ سپ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے چھٹی ریکٹرز کانفرنس میں کہا ہے کہ ریکٹرز کانفرنس کا مقصد وائس چانسلرز کے درمیان تجربات کے تبادلے اور نیٹ ورکنگ کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے ملک میں تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بیروزگاری اور بدامنی جیسے مسائل ملک کے سامنے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالرحمان نے کہا کہ پروگریسیو پاکستان کے لیے سنجیدہ قیادت اور مؤثر ماڈل لازمی ہیں، اور نبی پاک ﷺ کی شخصیت اور اسوہ حسنہ اس کا بہترین نمونہ ہیں۔
تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے تجویز دی کہ تعلیمی معاملات دیکھنے کے لیے ایک آزاد آڈیٹر مقرر کیا جائے اور اداروں کی خودمختاری کا احترام کیا جائے۔ فیصلوں میں اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے حقیقی اصلاحات ممکن ہو سکتی ہیں۔
چیئرمین ایپ سپ نے ملک کی ترقی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاور ٹیکنالوجی پارک ریسرچ اور صنعتی تعاون کے لیے بنایا جائے گا، اور اس کے لیے مکمل سرپرستی اور تعاون درکار ہے۔