لاہور: پاکستان سینیئر ہاکی ٹیم کا FIH Pro League کیلئے تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگیا، جس میں ابتدائی مرحلے میں 40 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔
کیمپ میں کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کردیا ہے، جبکہ 12 اور 13 مئی کو کھلاڑیوں کی شارٹ لسٹنگ کی جائے گی۔ انٹرنیشنل لیگز میں مصروف قومی کھلاڑی بھی جلد کیمپ کو جوائن کریں گے۔قومی ٹیم جون میں پرو لیگ کے سلسلے میں دو مختلف غیر ملکی دورے کرے گی۔ پہلے مرحلے میں پاکستان ٹیم 13 سے 20 جون تک بیلجئم میں قیام کرے گی جہاں میزبان ٹیم اور اسپین کے خلاف دو، دو میچز کھیلے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں قومی ٹیم 23 سے 27 جون تک انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں اسے میزبان ٹیم کے علاوہ روایتی حریف بھارت کے خلاف بھی مقابلے کھیلنا ہوں گے۔ قومی اسکواڈ دونوں دوروں کیلئے 8 جون کو روانہ ہوگا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد پاکستان ٹیم کو ٹاپ کلاس میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، اور ٹیم ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت کے خلاف مقابلہ سخت مگر دلچسپ ہوگا۔