عوامی سہولت کے لیے بڑا قدم: مریم نواز کے 'دستک پروگرام' کے دوسرے مرحلے کی منظوری

عوامی سہولت کے لیے بڑا قدم: مریم نواز کے 'دستک پروگرام' کے دوسرے مرحلے کی منظوری

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انقلابی منصوبے "دستک پروگرام" کی شاندار کامیابی کے بعد حکومت نے اس کے فیز ٹو (دوسرے مرحلے) کا باقاعدہ آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اہم منصوبے کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے جس کا مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات کی فراہمی مزید آسان بنانا ہے۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت پنجاب بھر میں جدید "دستک مراکز" قائم کیے جائیں گے۔ ان مراکز کی خاص بات یہ ہے کہ شہریوں کو مختلف سرکاری محکموں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ تمام اہم سرکاری سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔
حکومتِ پنجاب نے اس وسیع تر منصوبے کے لیے بھاری فنڈز مختص کیے ہیں۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب 47 کروڑ 63 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے 36 ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے، جس کے مطابق یہ جون 2029 تک مکمل فعال ہو جائے گا۔
"دستک پروگرام" کا بنیادی مقصد بیوروکریٹک رکاوٹوں کو ختم کر کے عوام کی دہلیز پر خدمات پہنچانا ہے۔ پہلے فیز کی کامیابی کے بعد، اب دوسرے مرحلے میں اس کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے افراد بھی اس جدید سروس سے مستفید ہو سکیں۔

ٹیگز: