پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم، ‘رائٹ مینجمنٹ’ کو قانونی تحفظ، پرتشدد ہجوم کے خلاف کارروائی سخت

پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم، ‘رائٹ مینجمنٹ’ کو قانونی تحفظ، پرتشدد ہجوم کے خلاف کارروائی سخت

لاہور: پنجاب حکومت نے پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم کے ذریعے رائٹ مینجمنٹ کو قانونی حیثیت دی ہے، جس سے پولیس کو پرتشدد ہجوم اور فسادات کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔ 
نمائندہ لاہور رنگ  شاہد رضوی  کے مطابق  ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہےکہ   قانون کے مطابق پرتشدد ہجوم کا جرم ناقابلِ ضمانت ہوگا اور اس کی سماعت ٹرائل سیشن کورٹ میں کی جائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ فسادات اور پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کو 10 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔ قانون میں ‘رائٹ زون’ کے نفاذ سے پولیس اہلکاروں کو نیک نیتی سے کی جانے والی کارروائیوں پر قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ بلا خوف و خطر عوامی امن قائم رکھ سکیں۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ترمیم ملک میں امن و امان کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ قانون شکن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بناتی ہے۔

سابقہ برسوں میں بڑے شہروں میں فسادات اور ہجوم کے پرتشدد مظاہرے پولیس کے لیے چیلنج رہے ہیں۔ نئی ترمیم کے بعد حکام توقع کر رہے ہیں کہ قانون کی یہ شفاف اور سخت دفعات عوامی مقامات پر امن قائم رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوں گی۔

ٹیگز: