لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے درمیان ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے "پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026" پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمیاتی واقعات کی پیشگی اطلاع اور مؤثر ردعمل کے لیے ارلی وارننگ سسٹم کو فعال اور مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری تیاریوں اور عملی مشقوں کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ممکنہ ہنگامی حالات کے لیے مکمل الرٹ رہیں اور باہمی رابطہ مؤثر بنایا جائے۔
اجلاس میں موسمیاتی خطرات کی نگرانی، سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات، شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل اور ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے جدید منصوبہ بندی، بروقت معلومات اور اداروں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب میں موسمی آفات کے خطرات کم کرنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید نظام اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔