لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں بسنت فیسٹیول کے موقع پر گرینڈ کلچرل میلہ سجانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بسنت فیسٹیول کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے نے بسنت فیسٹیول کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ لاہور کی اہم شاہراہوں کو رنگ برنگی سجاوٹ، خصوصی فلوٹس اور ثقافتی جھلکیوں سے سجایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی خیرمقدمی بینرز، رنگا رنگ آرائش اور خصوصی لائٹنگ سے آراستہ کیا جائے گا۔
بلال یاسین نے بسنت فیسٹیول کے انتظامات کو بروقت مکمل کرنے اور شہر کی خوبصورتی کو نمایاں کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی۔