لاہور: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے سرکاری اداروں اور دفاتر میں بھی ڈینگی سروے کروانے کی ہدایت کردی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ سرکاری اداروں میں ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے، قانون سب کے لیے برابر ہے۔
وزیر صحت نے ڈی سی لاہور کو انسداد ڈینگی مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کا حکم بھی دے دیا۔
خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کارروائیوں میں جونیئر افسران کے بجائے سینئر افسران کی شرکت یقینی بنائی جائے اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے الحمدللہ لاہور میں ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے، جبکہ لاہور کے گردونواح کے علاقوں میں انسداد ڈینگی کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔