لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں تعلیم کے فروغ، سکیورٹی، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سکیورٹی، آرٹی فیشل انٹیلی جنس، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے پنجاب میں مختلف شعبوں میں امریکی تعاون اور ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب کو سیلاب اور سموگ کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم، ٹیکنالوجی، توانائی، ماحولیات اور سکیورٹی کے شعبوں میں جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی سہولت کے منصوبوں کے لیے بین الاقوامی تعاون کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر نٹالی اے بیکر نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا اور باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔