اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 کارروائیوں میں 8 ملزمان گرفتار

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 کارروائیوں میں 8 ملزمان گرفتار

لاہور :انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 مختلف آپریشنز میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران تقریباً 80 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 68 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے بیگ میں جذب شدہ مواد اور جوتوں سے 3.2 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں کویت جانے والے مسافر کے بیگ سے 1.124 کلوگرام آئس برآمد ہوئی اور اسے بھی حراست میں لے لیا گیا۔

کوئٹہ کے علاقے خائی زئی چوک کے قریب ایک گاڑی سے 18 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ جبلِ نور کے قریب ایک اور کارروائی میں ملزم کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

سکھر میں شکارپور روڈ کے قریب ایک مسافر کے قبضے میں موجود ڈرم سے 22.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ پشاور کی یونیورسٹی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزم سے 3 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

سیالکوٹ میں بس ٹرمینل کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 630 گرام چرس اور 400 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ کراچی میں واقع ایک کوریئر آفس میں موجود پارسل سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ٹیگز: