لاہور: نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) کے زیر اہتمام پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر نیو کوٹ لکھپت لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری اور منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک نے قومی پرچم لہرایا اور کیک کاٹا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے مقاصد کے حصول کے لیے انفرادی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، جبکہ ہر شخص کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے قومی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دے کر اتحاد، امن، یکجہتی اور ٹیم ورک کو فروغ دینا ہوگا۔
منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دیانت داری، ذمہ داری اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عزم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ این جی سی ملک کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
انجینئر الطاف حسین ملک کے مطابق این جی سی پیشہ ورانہ مہارت، جدت، ٹیم ورک اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ مضبوط اور قابلِ اعتماد نیشنل گرڈ کی تعمیر کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کاسا-1000 اور ایران سے بجلی کی درآمد کے ذریعے این جی سی علاقائی ٹرانسمیشن کمپنی بننے کی جانب گامزن ہے۔
تقریب کے دوران این جی سی ملازمین کے بچوں نے قومی نغمے اور ٹیبلوز پیش کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مہمانانِ خصوصی نے ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر میں یادگاری پودے لگائے اور نو تزئین شدہ ہاسٹل کا افتتاح کیا۔
تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر رشید اے بھٹو، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، جنرل منیجرز، ڈائریکٹر جنرلز، سی سوٹ افسران، این جی سی سے وابستہ کھلاڑیوں، خواتین، بچوں اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔