اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے تناسب سے ملک میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز وزارتِ خزانہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، پندرہ روزہ ریویو کے دوران قیمتوں میں درج ذیل اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرول: فی لٹر قیمت میں 4 روپے 39 پیسے اضافے کی تجویز، ہائی سپیڈ ڈیزل،ٹرانسپورٹ اور زرعی مشینری کے لیے استعمال ہونے والے ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لٹر اضافے کی توقع ہے۔ لائٹ ڈیزل: سب سے زیادہ اضافہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں متوقع ہے، جو 7 روپے 05 پیسے فی لٹر تک مہنگا ہو سکتا ہے۔ مٹی کا تیل، غریب طبقے کے زیرِ استعمال مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے مال برداری کے اخراجات بڑھ جائیں گے، جس کا براہِ راست اثر روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر پڑے گا۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی کر کے عوام کو مہنگائی کے اس نئے طوفان سے بچایا جائے۔