پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم تبدیل، روایتی گریڈنگ ختم، نیا فارمیٹ بیسڈ ماڈل متعارف

پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم تبدیل، روایتی گریڈنگ ختم، نیا فارمیٹ بیسڈ ماڈل متعارف

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم میں بڑی اور تاریخی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے روایتی اے، بی، سی اور ڈی گریڈز کا نظام ختم کر دیا ہے۔

نئے فارمیٹ بیسڈ کنٹریکٹ ماڈل کے تحت کھلاڑیوں کو مختلف ٹریکس میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس نئے نظام میں اے بی ٹریک ٹیسٹ اور ون ڈے کے نمایاں ملٹی فارمیٹ کھلاڑیوں کیلئے مختص ہوگا، جبکہ اے ٹریک صرف ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔

اسی طرح بی سی ٹریک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے مستقل کھلاڑیوں کیلئے رکھا گیا ہے، جبکہ سی ٹریک ٹی ٹوئنٹی اور فرنچائز کرکٹ اسپیشلسٹس کیلئے مختص ہوگا۔ ڈی ٹریک میں قومی کرکٹ اکیڈمی اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی شامل ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق نیا کنٹریکٹ سسٹم مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہوگا اور فیصلے ڈیٹا کی بنیاد پر کیے جائیں گے، جس سے کھلاڑیوں کے کیٹیگری سے متعلق ابہام ختم ہو جائے گا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ نئے نظام میں فٹنس، کارکردگی اور امپیکٹ کو بنیاد بنایا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کو اپنے بہترین فارمیٹ کے انتخاب میں بھی سہولت ملے گی۔

پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو نئے نظام سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ٹیگز: