"اپنی چھت محفوظ چھت" پروگرام کا آغاز، پنجاب میں گھر بنانے اور مرمت کے لیے قرض کی سہولت

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "اپنی چھت محفوظ چھت" پروگرام کا افتتاح کردیا، جس کے تحت شہریوں کو گھروں کی تعمیر، توسیع اور چھتوں کی بہتری کے لیے بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پروگرام کے تحت اہل افراد کو 5 لاکھ روپے تک کا سود سے پاک قرض دیا جائے گا، جبکہ قرض لینے والوں کو ابتدائی 3 ماہ تک اقساط کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہری متعلقہ ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں یا ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔ شہری علاقوں میں 5 مرلے اور دیہی علاقوں میں 10 مرلے تک زمین رکھنے والے افراد اس پروگرام کے اہل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جوائنٹ فیملی میں رہنے والے افراد الگ گھر تعمیر کرنا چاہیں تو انہیں 10 لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا، جسے 9 سال میں واپس کرنا ہوگا۔

حکومت پنجاب کے مطابق پروگرام کا مقصد کم آمدن والے خاندانوں کو بہتر رہائشی سہولت فراہم کرنا اور انہیں محفوظ گھر کی فراہمی میں معاونت دینا ہے۔

ٹیگز: