لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب انسدادِ منشیات فورس (Punjab Anti-Narcotics Force) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منشیات کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا اور فورس کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔
دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاطلبہ کو منشیات جیسی لعنت سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہماری نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے اور ہم انہیں اس زہر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کو منشیات سے پاک ریاست بنانا وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا مشن ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے پنجاب نارکوٹکس فورس کے فعال کردار کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کارروائیوں سے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ ہوا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ منشیات کے تدارک کے لیے صرف قانون نافذ کرنا کافی نہیں، بلکہ آگاہی بھی ضروری ہے۔ صوبے بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں انسدادِ منشیات سے متعلق خصوصی پروگرامز اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ طلبہ اور اساتذہ کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ تعلیمی اداروں کو "ڈرگ فری زون" بنایا جا سکے۔