بنیان مرصوص آپریشن میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی کامیابی نے دنیا کو حیران کر دیا: گورنر پنجاب

بنیان مرصوص آپریشن میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی کامیابی نے دنیا کو حیران کر دیا: گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ملک میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف اس ٹیلنٹ کو درست سمت میں استعمال کرنے اور نوجوانوں کو مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے۔

ایپ سپ ایکسیلینس ایوارڈز 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبد الرحمان نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی بہترین کاوش کی اور شعبہ تعلیم سے وابستہ بڑے دماغوں کو ایک جگہ اکٹھا کیا۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وہ ایک سیاستدان کی حیثیت سے تقریب میں موجود ہیں، جبکہ یہاں موجود وائس چانسلرز اور ریکٹرز کئی دہائیوں کے تجربے کے حامل ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر نیاز اور ڈاکٹر اقرار کی گفتگو کو بھی سراہا اور کہا کہ وائس چانسلرز اور ریکٹرز اپنے اداروں میں تعلیم کے لیے اچھا کام کر رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں بہتری آ رہی ہے لیکن ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان موجود خلا ختم کرنا ہوگا اور اس سلسلے میں تعلیمی ماہرین کو انڈسٹری سے مشاورت کرنی چاہیے تاکہ تعلیمی نظام کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق بنایا جا سکے۔

انہوں نے بنیان مرصوص آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی ماہر نوجوانوں نے بھارت کو شکست دی اور پوری دنیا اس کامیابی پر حیران ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی تک اس یونیورسٹی کا علم نہیں ہو سکا جہاں سے ان باصلاحیت نوجوانوں نے تعلیم حاصل کی۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ان کے پاس آنے والے تقریباً 80 فیصد معاملات ڈاکٹرز کے بیرون ملک جا کر واپس نہ آنے سے متعلق ہوتے ہیں۔ ڈاکٹرز پاکستان کا سرمایہ واپس کر دیتے ہیں لیکن خود وطن واپس نہیں آنا چاہتے، جو نظام کی بڑی کمزوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قابل وائس چانسلرز موجود ہیں جنہوں نے اپنے اداروں کو کامیاب بنایا، تاہم پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے پاس مطلوبہ فنڈنگ موجود نہیں۔ تعلیم کو ملک کی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں پاکستان کی وجہ سے عزت دی ہے اور ان کی خواہش ہے کہ ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبے بہتر ہوں

ٹیگز: