لاہور: ایکسپو سینٹر میں ایپ سپ کے زیراہتمام سی پاکستان 2026 کا ا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوان کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور ماہرین نے شرکت کی۔
تقریب میں چیئرمین سپیریئر گروپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان، ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان اور چیئرمین دی پنجاب گروپ میاں عامر محمود بھی موجود تھے۔
’سی پاکستان 2026‘ کا مقصد پاکستان کے انٹرپرینیوریل ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور نوجوانوں، اسٹارٹ اپس، جامعات، صنعت، پالیسی ساز اداروں اور بین الاقوامی پارٹنرز کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے۔
ایونٹ میں ہونے والی ورلڈ اسٹارٹ اپ چیمپئن شپ میں 300 سے زائد اسٹارٹ اپس حصہ لے رہے ہیں، جن میں سے 109 منتخب اسٹارٹ اپس 40 ممالک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ میں 30 بین الاقوامی مندوبین، 30 سرمایہ کار، 60 مینٹورز اور 300 ججز بھی شریک ہیں۔ عالمی ماہرین اور سرمایہ کار اسٹارٹ اپس کا جائزہ لینے کے ساتھ نوجوان کاروباری افراد کو رہنمائی بھی فراہم کریں گے۔
تقریب کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کے کاروباری آئیڈیاز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔