لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں صفائی ستھرائی اور امن و امان کے قیام کے لیے سخت انتظامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو فیلڈ میں متحرک ہونے کا ٹاسک سونپتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عید ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار عید الاضحیٰ پر صفائی کے انتظامات بے مثال ہونے چاہئیں اور کسی بھی سطح پر کوئی کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ایک بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی الائشیں گلی، محلوں، ڈرین اور نہروں میں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے، جبکہ صفائی کے مقابلے میں پہلے نمبر پر آنے والے علاقے کو خصوصی انعام دیا جائے گا۔
انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے حکم دیا کہ غیر مجاز اور غیر قانونی مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے اور جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے صوبے بھر میں کالعدم جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر عائد پابندی کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم بھی جاری کیا۔
عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے وزیر اعلیٰ نے ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام بس اسٹینڈز اور بسوں پر سرکاری کرایہ نامے واضح طور پر آویزاں کرائے جائیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔