راولپنڈی : وطنِ عزیز کی مٹی کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہداء کی یاد میں نیا نغمہ ’’وطن کی خاطر‘‘ جاری کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی ملک بھر میں حب الوطنی کی نئی لہر پیدا کر دی ہے۔یہ نغمہ محض ایک موسیقی کا شاہکار نہیں بلکہ ان شیر دل ہیروز کی داستانِ شجاعت ہے جنہوں نے ’معرکہِ حق‘ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ رقم کی۔ نغمے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پاک فوج کے غازیوں اور شہداء نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر اس پر ایسی ہیبت طاری کی جو آج بھی برقرار ہے۔
نغمے کے بول اور مناظر پاکستانی قوم کے ان جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں جو وہ اپنے محافظوں کے لیے رکھتے ہیں۔
’’وطن کی خاطر‘‘ نغمے کو ڈیجیٹل میڈیا پر زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ لاکھوں صارفین نے اسے اپنے ہیروز کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا بہترین ذریعہ قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری پرسکون نیندیں ان جانبازوں کی مرہونِ منت ہیں جو سرحدوں پر اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر پہرہ دیتے ہیں۔