لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بچے اور خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف جرائم میں ملوث کسی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ہدایت کی کہ زیادہ جرائم والے اضلاع میں متعلقہ ڈی پی او سے جواب طلبی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے بدنام پولیس افسران کو ایس ایچ او تعینات نہ کرنے اور کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز نے آئی جی پنجاب کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ انہوں نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم پر قابو پانے کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ جرائم کے خاتمے، پولیس میں احتساب اور عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔