لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب گورننس، ترقی اور عوامی خدمت کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور صوبے کی کارکردگی کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
چوہنگ پولیس ٹریننگ سینٹر میں خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواتین نے ثابت کیا ہے کہ وہ اہم انتظامی اور قومی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے سکتی ہیں۔ انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پنجاب کی آئی جی پولیس کے عہدے پر ایک خاتون تعینات ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب خواتین وزیراعلیٰ اور چیف جسٹس جیسے اہم عہدوں تک پہنچ سکتی ہیں تو پولیس کے اعلیٰ منصب پر بھی اپنی صلاحیتیں ثابت کر سکتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو جرائم کے حوالے سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور پولیس فورس کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے، "روز میری بھی ٹریننگ ہو رہی ہے، روز نیا سیکھتی ہوں۔"
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت مکمل کرنے والی افسران کو مبارکباد دی۔