راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) نے دفاعی محاذ پر حاصل ہونے والی عظیم کامیابی ’’معرکۂ حق‘‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر نیا قومی نغمہ جاری کر دیا ہے۔ یہ نغمہ پاک سرزمین کے محافظوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور دشمن کے خلاف بجلی بن کر گرنے والے جذبوں کی عکاسی کرتا ہے۔
اس خصوصی نغمے میں واجد سعید اور رپٹور کی آوازوں نے ایک ایسا سحر طاری کر دیا ہے جس نے سننے والوں کے لہو کو گرما دیا ہے۔ نغمے کے بول ’’ہم چھائے طوفانوں آندھیوں کی طرح، ہم ٹوٹے دشمنوں پہ بجلیوں کی طرح‘‘ دشمن کے لیے ایک کڑا پیغام اور قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
نغمے کی ویڈیو میں پاک افواج کی ان خدمات اور قربانیوں کو فلمایا گیا ہے جو انہوں نے ملک کے وقار کی خاطر پیش کیں۔
نغمے میں جدید میوزک پروڈکشن اور روایتی عسکری جاہ و جلال کا بہترین توازن رکھا گیا ہے، جو نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ ابھارنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ نغمہ ’’معرکہ حق‘‘ کے دوران حاصل ہونے والی فتح کے تسلسل اور قومی یکجہتی کو اجاگر کرتا ہے۔
ریلیز ہوتے ہی یہ نغمہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ واجد سعید اور رپٹور نے اس نغمے کے ذریعے ہر پاکستانی کے دل کی آواز بلند کی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے اس تخلیقی کاوش کو دفاعِ وطن کی تاریخ میں ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔