لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں میں درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل اور عوامی ضروریات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ مریم نواز شریف نے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے اوکاڑہ کے شہریوں کے لیے الیکٹروبس سروس کے اقدام کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ارکان اسمبلی نے پنجاب کے 41 اضلاع اور دو تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کرنے کے اقدام کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید نگرانی اور سکیورٹی نظام سے شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے بھی امور زیرِ بحث آئے۔