جامعات کو صنعت اور کاروباری شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا،  ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر   سمیرا رحمان

جامعات کو صنعت اور کاروباری شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا،  ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر   سمیرا رحمان

اسلام آباد: گلوبل اکنامک فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم، تحقیق اور روزگار کے درمیان موجود خلا کو ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات مسلسل گریجویٹس پیدا کر رہی ہیں، تاہم مارکیٹ میں اسی رفتار سے روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہو رہے۔ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مواقع فراہم کرنے کے لیے تعلیمی نظام میں عملی مہارتوں کو مزید اہمیت دینا ہوگی۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان کا کہنا تھا کہ صرف ڈگریاں دینا کافی نہیں، طلبا کو عملی تجربات اور مارکیٹ کی ضروریات سے بھی روشناس کرانا ہوگا۔ نوجوانوں کو ملازمت تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار پیدا کرنے کے قابل بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات میں ہونے والی تحقیق اور عملی زندگی کی ضروریات کے درمیان واضح فرق موجود ہے۔ یونیورسٹیوں کو اپنی تحقیق کو صنعت اور کاروباری شعبے کی ضروریات سے جوڑنا ہوگا تاکہ تحقیق کے نتائج کو معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کیا جاسکے۔

ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی نے کہا کہ انڈسٹری، اکیڈمیا، ریسرچ، بزنس کمیونٹی اور طلبا کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرنا ہوگا۔ مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی پروگرامز تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری، اکیڈمیا اور حکومت کے درمیان قومی سطح کا فریم ورک تشکیل دیا جائے تاکہ تینوں شعبے ایک پلیٹ فارم پر مل کر نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرسکیں۔

ڈاکٹر سمیرا رحمان نے مزید کہا کہ انٹرپرینیورشپ، عملی تربیت اور صنعت سے مضبوط روابط کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

ٹیگز: