لاہور:چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اعزازیہ کی شفاف اور بروقت تقسیم کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت یکم جنوری سے باقاعدہ طور پر اعزازیہ کی ادائیگی شروع کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر میں تمام رجسٹرڈ امام مسجد صاحبان کو ماہانہ 25 ہزار روپے فی کس اعزازیہ دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پروگرام پر عملدرآمد شفاف، مؤثر اور مقررہ شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
شرکاء نے اس اقدام کو ائمہ مساجد کی فلاح و بہبود اور معاشرتی استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔