لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ کی قیادت میں پارٹی وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور ملک کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا۔
ملاقات میں شریک پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے صوبائی سیاست اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سردار سلیم حیدر خان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی قیادت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔