لاہور :ٹریفک پولیس نے صوبہ بھر میں بغیر لائسنس گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ "لائسنس بنوائیں، سفر محفوظ بنائیں" کی مہم کے تحت گزشتہ ایک ماہ کے دوران ریکارڈ کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد ایسے ڈرائیورز کے چالان کیے گئے جو بغیر لائسنس سڑکوں پر گاڑیاں دوڑا رہے تھے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی شکنجہ برقرار ہے، جہاں 11 ہزار سے زائد بغیر لائسنس ڈرائیورز کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام اضلاع کے افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ لائسنس کی چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سڑک پر موجود دیگر شہریوں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ اس کریک ڈاؤن کا مقصد شہریوں کو قانون کا پابند بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی اور بھاری جرمانوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور اسے دورانِ سفر اپنے ساتھ رکھیں۔