لاہور: پنجاب پولیس نے افسران اور جوانوں کی ذہنی و جسمانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ایک منظم سکریننگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب ون کے مراسلے کے مطابق کانسٹیبل سے لے کر اعلی افسر تک ہر رینک کی اسکریننگ لازمی ہوگی تاکہ پولیس فورس میں بڑھتے دباؤ کے اثرات کا بروقت جائزہ لیا جا سکے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران و جوان مختلف جرائم پیشہ عناصر، سخت ڈیوٹی شیڈول، انتظامی اور سماجی دباؤ کے باعث ذہنی اور جسمانی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں، جن میں شیزوفرینیا، ڈپریشن اور بائی پولر ڈس آرڈر شامل ہیں۔
ہر انچارج اپنے عملے کا انفرادی انٹرویو کرے گا اور مشتبہ کیسز کی مزید تشخیص ضلعی ہسپتال کے ماہر سائیکاٹرسٹ سے کرائی جائے گی۔ سینئر افسران اس عمل کی نگرانی کریں گے۔
حکام نے ہدایت دی ہے کہ صوبے بھر سے مکمل اسکریننگ رپورٹس 15 دسمبر تک سینٹرل پولیس آفس پنجاب کو جمع کرائی جائیں۔