تعلیم کے میدان میں بڑا قدم: وزیراعلیٰ مریم نواز کا بھکر میں دانش سکول کا افتتاح، ’اسکول میل پروگرام‘ کا بھی آغاز

تعلیم کے میدان میں بڑا قدم: وزیراعلیٰ مریم نواز کا بھکر میں دانش سکول کا افتتاح، ’اسکول میل پروگرام‘ کا بھی آغاز

بھکر: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھکر کے پسماندہ علاقے منکیرہ میں 250 ایکڑ پر محیط جدید ترین دانش سکول کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکول کیسانوالہ میں طلبا کے لیے ’سکول میل پروگرام‘ کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے بچوں میں لنچ بکس بھی تقسیم کیے۔
وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران عوامی مطالبے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے منکیرہ کے تین اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی موقع پر جاری کر دیا گیا۔    گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کیسانوالہ کو ایلیمنٹری کا درجہ دے دیا گیا۔    کری اور نورپور شاہ کے ایلیمنٹری اسکولوں کو ہائی اسکولز میں تبدیل کر دیا گیا۔
مریم نواز نے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طالبات کے ساتھ بیٹھ کر دوپہر کا کھانا کھایا۔ انہوں نے ری سائیکل شدہ میٹریل سے بنے ڈیسکوں کے معیار کو سراہا اور بچوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صحت اور تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔ وزیراعلیٰ نے ہاسٹل میں مقیم بلوچستان کی تین طالبات کی سالگرہ منا کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے 13 اضلاع میں جاری اس پروگرام کے باعث طلبا کے داخلوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے،    اب تک 3 کروڑ 37 لاکھ ملک پیک اور 1 کروڑ 22 لاکھ بسکٹ کے پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔    اس وقت 8319 اسکولوں کے ہزاروں بچے اس صحت بخش غذا سے مستفید ہو رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ "بیٹیاں ہر میدان میں آگے بڑھیں تو خوشی ہوتی ہے، ایک ماں کے طور پر میں اپنی بیٹیوں کی تعلیم اور ترقی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاؤں گی۔" انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی کسی چیلنج سے نہ ڈریں کیونکہ تعلیم ہی انسان کی عزت میں اضافے کا واحد ذریعہ ہے۔

ٹیگز: