لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2025 پاکستان کے لیے تاریخی کامیابیوں کا سال رہا، جس میں ملک نے بے مثال اور یادگار ترقی حاصل کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت نے ملک کو بلندیوں تک پہنچایا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی استحکام حاصل ہوا۔ درست پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے باعث عالمی اعتماد بھی بحال ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرأت، حکمت عملی اور عزم نے ملکی سلامتی کو یقینی بنایا، اور وزیراعظم کی قیادت نے چیلنجز کے باوجود عملی ترقی ممکن بنائی۔
سینئر وزیر نے پنجاب کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاحی پالیسیاں پنجاب کو ماڈل صوبہ بنا رہی ہیں، اور نوجوانوں میں اعتماد اور امید پیدا کر رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ 2026 پاکستان کے لیے مزید خوشحالی اور کامیابیوں کا سال ہوگا۔