لاہور: چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف نے واہگہ بارڈر پر نئے توسیع شدہ ارینا کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، کور کمانڈر لاہور، وزراء اور سینئر بیورکریسی بھی موجود تھے۔
نئے ارینا میں شائقین کی نشستیں ساڑھے 7 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی گئی ہیں۔ توسیع کے ساتھ ساتھ جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نئی تعمیرات بھی مکمل کی گئی ہیں، جن میں تقسیمِ ہند کی عکاسی کرنے کے لیے تھیم پارک، ریلوے اسٹیشن کا ماڈل، سامانِ حرب، اور یادگارِ شہداء شامل ہیں۔
ارینا میں پاکستان میوزیم، بیرکس، اضافی دفاتر، نمازیوں کے لیے پریئر ایریا اور فوڈ کورٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کار پارکنگ کی سہولیات اور شاہی قلعہ کی طرز پر دروازہ بھی نصب کیا گیا ہے۔
واہگہ پر قومی پرچم کی بلندی 115 میٹر سے بڑھا کر 139 میٹر کر دی گئی ہے، جو ایشیا کا ساتواں اور جنوبی ایشیا کا بلند ترین پرچم ہے۔