لاہور :پنجاب میں گرمی کی لہر ٹوٹنے کا امکا ن ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 2 سے 5 جون تک صوبے کے طول و عرض میں تیز آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھ دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کا کہنا ہے کہ کل سے شروع ہونے والے اس موسمی سسٹم کے تحت لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، اوکاڑہ، گجرانوالہ اور حافظ آباد میں بادل گرجیں گے اور تیز ہوائیں چلیں گی۔ اس کے علاوہ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بادل برسنے کا قوی امکان ہے۔
ممکنہ طوفانی صورتحال کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو سخت تاکید کی ہے کہ وہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے مکمل گریز کریں اور خود کو محفوظ مقامات پر رکھیں۔ دوسری جانب، کسانوں کو بھی الرٹ کیا گیا ہے کہ وہ کٹائی اور فصلوں سے متعلق تمام پیشگی اقدامات موجودہ موسمی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے کریں۔