مریم نواز کا "رحمت کارڈ" کے ذریعے بیواؤں اور یتیموں کی کفالت کا اعلان، 5 ارب روپے کا بڑا ریلیف پیکیج

مریم نواز کا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مستحق طبقے کی مالی خود مختاری کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کی 50 ہزار بیوائیں اور یتیم بچے اب باعزت طریقے سے سرکاری مالی امداد حاصل کر سکیں گے۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے بیواؤں اور یتیموں کے لیے وقف اتنا بڑا مالی پروگرام شروع کیا ہے۔ پروگرام کے لیے 500 کروڑ (5 ارب) روپے کے فنڈز زکوٰۃ ہیڈ سے جاری کر دیے گئے ہیں۔ کارڈ کے ذریعے رقم کی منتقلی کو انسانی مداخلت سے پاک اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ امداد براہِ راست مستحقین تک پہنچے۔
صوبائی معاون خصوصی راشد نصراللہ نے پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کی بنیاد خالصتاً میرٹ اور ضرورت مندوں کے ڈیٹا پر رکھی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  رحمت کارڈ کا مقصد بیواؤں اور یتیموں کو قطاروں میں کھڑا کرنے کے بجائے انہیں کارڈ کے ذریعے باعزت طریقے سے رقم کی ادائیگی فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "رحمت کارڈ" محض ایک مالیاتی سکیم نہیں بلکہ ان محروم طبقوں کے لیے ریاست کی شفقت کا اظہار ہے جن کا کوئی سہارا نہیں۔ انہوں نے اسے پنجاب میں سماجی تحفظ (Social Security) کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا، جس کا دائرہ کار مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔

ٹیگز: