راجن پور: آئی جی پنجاب عبدالکریم اور سیکرٹری ہوم پنجاب احمد جاوید قاضی نے راجن پور کے خطرناک کچہ ایریا کا دورہ کیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشنز کی خود کمانڈ سنبھال لی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
آر پی او ڈی جی خان محمد اظہر اکرم نے آئی جی پنجاب کو کچہ کریمنلز کے خلاف جاری کارروائیوں اور آپریشنل کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے کچہ سرکل روجھان میں انتہائی فرنٹ لائن پر قائم پولیس چوکی 'بہار ماچھی' کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جوانوں کی تعیناتی، اسلحہ و ایمونیشن کی فراہمی اور مورچوں کی مضبوطی کا معائنہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے تھرمل ڈرون کیمروں کے ذریعے چیکنگ کے جدید میکانزم کو چیک کیا اور خود ڈرون اڑا کر گردونواح کے خفیہ راستوں اور نو گو ایریاز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے ٹیکنالوجی کا موثر استعمال جاری رکھا جائے۔
کٹھن حالات میں فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے آئی جی پنجاب نے ان سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر روایتی انداز میں کھانا کھایا۔ آئی جی نے جوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور سیکرٹری ہوم کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کچے کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔