لاہور: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) میں 'ڈیجیٹلائزیشن آف ہاسپٹل پیمنٹس سسٹم' کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ہسپتال کے مالی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ادائیگیوں کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے ڈیجیٹل نظام کے مختلف کاؤنٹرز کا تفصیلی دورہ کیا اور ادائیگیوں کے خودکار عمل کا عملی جائزہ لیا۔ انہوں نے سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحت کے شعبے میں ایک بڑی جدت قرار دیا۔خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس ویژن کا حصہ ہے جس کے تحت تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے مالی معاملات کو شفاف بنایا جا رہا ہے۔
صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اور ہسپتالوں کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ٹیچنگ ہسپتالوں کے مالی امور کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے سیکرٹری صحت عظمت محمود کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
جدید ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ سے درج ذیل مثبت تبدیلیاں آئیں گی ۔ مالیاتی لین دین میں انسانی مداخلت کم ہونے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کو لمبی لائنوں سے نجات ملے گی اور ادائیگیاں فوری ہوں گی۔ ہسپتال کے پاس تمام مالی امور کا درست اور فوری ڈیٹا دستیاب ہوگا۔پنجاب حکومت ٹیچنگ ہسپتالوں کے نظام کو جدید بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ پی آئی سی میں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا نفاذ دیگر ہسپتالوں کے لیے بھی ایک مثال ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف انتظام بہتر ہوگا بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔