لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی تاریخ کا ایک بڑا انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے تمام 41 اضلاع میں واسا (WASA) قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے جدید سیوریج فلیٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کیا اور سینکڑوں گاڑیاں و مشینیں متعلقہ حکام کے سپرد کر دیں۔
وزیراعلیٰ نے پہلے مرحلے میں صوبے کے مختلف اضلاع کے لیے جدید ترین مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ پہلا مرحلہ: 15 اضلاع کو 552 جدید مشینیں اور گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔ اگلے مرحلے میں مزید 22 اضلاع کو 937 گاڑیاں دی جائیں گی۔ شہروں اور دیہاتوں میں نکاسی آب کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اب واسا کا نیٹ ورک صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پنجاب کے ہر ضلع میں موجود ہوگا۔اب ہر ضلع میں بارشی پانی جمع ہونے کی صورت میں واسا کا عملہ اور مشینری فوری رسپانس کرے گی۔ عوام کو نکاسی آب کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔