اٹک : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنی مٹی سے محبت اور غریب پروری کی نئی مثال قائم کر دی۔ اٹک میں 35 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر پنجاب نے بطورِ خاص شرکت کی، نو بیاہتے جوڑوں کو نقد سلامی پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان جذباتی نظر آئے۔ انہوں نے کہا، "آج رخصت ہونے والی یہ 35 بیٹیاں مجھے اپنی سگی دو بیٹیوں کی طرح عزیز ہیں۔ میرے ہوتے ہوئے پنجاب کی کوئی بھی بیٹی جہیز یا کھانے کے وسائل نہ ہونے کے سبب گھر نہیں بیٹھے گی۔" انہوں نے اعلان کیا کہ جو سفید پوش والدین اپنی بچیوں کی شادی کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، وہ اپنی درخواستیں براہِ راست گورنر ہاؤس میں جمع کروائیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے عزم ظاہر کیا کہ اجتماعی شادیوں کا یہ سلسلہ صرف اٹک تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے پنجاب میں پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ بڑی عید سے قبل اس سے بھی بڑی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان مستفید ہو سکیں۔
گورنر پنجاب نے اپنی جڑوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "میں خود ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہوں اور آپ لوگوں کے دکھ درد کو اچھی طرح سمجھتا ہوں۔ پنجاب کے دور افتادہ علاقے اٹک سے اٹھ کر سب سے بڑے آئینی عہدے پر بیٹھنا میرے لیے فخر کی بات ہے، لیکن میرا اصل مقصد اپنی مٹی اور کمزور طبقے کی خدمت کرنا ہے۔ گورنر ہاؤس ہر غریب آدمی کا گھر ہے۔"
خوشی کے اس موقع پر گورنر پنجاب نے قومی حالات کو بھی فراموش نہیں کیا۔ انہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں امن کے بغیر ایسی خوشیاں ممکن نہیں۔ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔