لاہور میں بسنت کی واپسی: اندرون شہر میں چھتوں کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے

لاہور میں بسنت کی واپسی: اندرون شہر میں چھتوں کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے

   3 مرلے کی چھت 4 لاکھ جبکہ 5 مرلے کی چھت کی مانگ 7 لاکھ روپے تک جا پہنچی، بکنگ کا سلسلہ تیز

لاہور : زندہ دلانِ لاہور کے لیے کئی سالوں کا طویل انتظار ختم ہونے کو ہے کیونکہ شہر میں ایک بار پھر بسنت کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منانے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ جہاں پتنگ باز اپنے پیچ لڑانے کے لیے بے تاب ہیں، وہیں اندرون لاہور میں بسنت منانے کے لیے چھتوں کی خرید و فروخت اور کرایوں نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
 نمائندہ  لاہور رنگ اویس گجر کے مطابق، اندرون لاہور کے گنجان آباد علاقوں میں پتنگ بازی کے لیے بہترین لوکیشن والی چھتوں کی مانگ میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ محض 2 سے 3 مرلے کی ایک چھوٹی سی چھت کا کرایہ 4 لاکھ روپے تک مانگا جا رہا ہے، جبکہ 5 مرلے کی چھت کی ڈیمانڈ 7 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
کئی سالوں بعد بسنت کی واپسی نے چھتوں کے مالکان کی چاندی کر دی ہے۔ اونچی عمارتوں اور کھلی چھتوں کے مالکان نے باقاعدہ ایڈوانس بکنگ شروع کر دی ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کرائے زیادہ ہونے کے باوجود شہریوں کی ایک بڑی تعداد یہ چھتیں حاصل کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے تاکہ اس تاریخی ثقافتی میلے کا بھرپور نظارہ کیا جا سکے۔
 لاہوریوں کا کہنا ہے کہ بسنت یہاں کی ثقافت کا حصہ ہے اور اتنے سالوں بعد اس کی واپسی کسی بڑے جشن سے کم نہیں۔ دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے ایس او پیز کی پابندی پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ شہری اس مہنگے ترین شوق کو کسی جانی نقصان کے بغیر اور ذمہ داری کے ساتھ منا سکیں۔

ٹیگز: