کیتھ لیب وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ، امراض قلب کے مریضوں کو گھر کے قریب معیاری طبی سہولیات فراہم ہوں گی : خواجہ عمران نذیر

 کیتھ لیب وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ، امراض قلب کے مریضوں کو گھر کے قریب معیاری طبی سہولیات فراہم ہوں گی : خواجہ عمران نذیر

لاہور:صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کیتھ لیب پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پہلے مرحلے میں جہلم میں قائم کیتھ لیب کے افتتاح کی تیاریوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم، سی ای او ہیلتھ جہلم اور ایم ایس جہلم آن لائن شریک ہوئے جبکہ اے ایس ٹیکنیکل اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

خواجہ عمران نذیر نے اجلاس میں کہا کہ کیتھ لیب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور حکام کو ہدایت دی کہ دوسرا فیز جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیتھ لیبز کے قیام سے امراض قلب کے مریضوں کو گھر کے قریب معیاری طبی سہولیات فراہم ہوں گی اور انہیں دوسرے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، دور افتادہ علاقوں کے مریضوں کو طبی سہولت فراہم کی جائے گی اور بڑے ہسپتالوں میں لوڈ مینجمنٹ ممکن ہو پائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں میں افرادی قوت اور دیگر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کے ویژن "صحت کی سہولت آپ کی دہلیز پر" کی تکمیل ہمارا مشن ہے اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

ٹیگز: