لاہور:لاہور میں چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اعتدال پسند معاشرے کی جانب گامزن کرنا وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے وژن کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی نے اعتدال، مذہبی رواداری اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی فضا موجود ہے، جبکہ معاشرہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے عناصر کے عزائم کو بخوبی سمجھ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے علمائے کرام اپنا مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے بقول قومی پیغام امن کمیٹی کی جانب سے ایک متفقہ قومی بیانیہ پیش کیا گیا ہے، جو اتحاد، اعتدال اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔